14 نومبر ، 2016
ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔درجہ حرارت میں کمی آئی تو شہریوں نے گرم کپڑے پہن لیے جبکہ ڈرائی فروٹ ،جلانے کی لکڑی اور ہیٹرز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ۔
ملک بھر میں کہیں موسم بے حد ٹھنڈاہے تو کہیں ہلکاسرد ہے ۔ مری ، سوات ، ایبٹ آباد ، ناران ، کاغان ،گلگت بلتستان میں استور، ہنزہ ، دیامر،آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں روز بہ روز سردی بڑھتی جارہی ہےجس کی وجہ سے گرم کپڑوں سوپ‘ خشک میوہ جات‘ کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
قلات سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہےجس کے بعد ہیٹر زکا استعمال بڑھ گیا ہے ۔
ادھر سندھ اور پنجاب کےبہت سے علاقوں میں صبح اور رات کے وقت موسم زیادہ سرد ہوجاتا ہے،جبکہ خشک ہوائیں چلنے سےنزلہ، زکام، کھانسی سمیت دیگرموسمی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔