11 دسمبر ، 2016
مری سے لے کر سوات تک پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی، مانسہرہ، تورغر، آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں بارش نے سردی میں اضافہ کردیا ہے، چترال میں برفباری سے لواری ٹاپ سمیت متعدد راستے بند ہوگئے،پنجاب کے بعض علاقوں میں آج ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے ،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے میدانی علاقوں میں2 سے3 روز میں دھند مکمل چھٹ سکتی ہے۔
ملک کے بیشتر پہاڑوں نے برف کا دوشالہ اوڑھ لیا ہے، چترال میں برفباری اور بارش نے راستوں کو دشوار بنا دیا،درجہ حرارت میں کمی آئی تو ڈرائی فروٹ، جلانے کی لکڑی اور ہیٹرز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ۔
چترال شہراورگردونواح میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری نے موسم کو سرد کردیا، گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، اب تک 15 انچ برف پڑچکی ہےجس کی وجہ سے لواری ٹاپ روڈ آمد و رفت کے لیے بدستور بند ہے۔
مانسہرہ ، تورغر میں رات بھر ہلکی اور تیز بارش نے موسم کو خوب ٹھنڈا کردیا جبکہ ناران اور کاغان میں گزشتہ رات برف پڑنے سے سردی بڑھ گئی ہے۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور گریز میں ہلکی برفباری،میدانی علاقوں میں بارش جبکہ وادی لیپہ میں بھی ہلکی برفباری سے موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا ہے۔
ادھر شمالی بلوچستان میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہے۔