انٹرٹینمنٹ
12 دسمبر ، 2016

ودیا اور ناکامیوں کی ’’بھول بھلیاں‘‘

ودیا اور ناکامیوں کی ’’بھول بھلیاں‘‘

ریحان احمد...ودیا کی ”کہانی“ کو ”شادی کے سائیڈ ایفکٹس“ کہیں یا باکس آفس کا”گھن چکر“۔تین چار سال پہلے جس اداکارہ کی ”ڈرٹی پکچر“ بھی کلین ہٹ ہو ،ہر ایوارڈز کی تقریب میں یہی حسینہ ”ہلہ بول“ رہی ہو، لیکن شادی کے بعد ودیا کا ”قسمت کنیکشن“ خراب کیا ہوا یہ اداکارہ مسلسل ناکامیوں کی” بھول بھلیاں “ میں کھوگئی۔

کہانی 2 ودیا بالن کی مسلسل پانچویں بڑی فلاپ فلم ثابت ہوئی،سال2016میں 13 کامیاب بالی ووڈ فلموں کے سیکوئل(دوسرا یا تیسرا حصہ)ریلیز ہوئے،اکشے کمار کی ”ہاوٴس فل تھری“ کو چھوڑ کر سب کی سب فلمیں ناکام ہوئیں۔’مستی،گھائل،کیا کول ہیں ہم،آپ کا سرور،تیرے بن لادن ،تم بن،گنگا جل ،راک آن ،فورس،1920 یہاں تک کہ
’ راز ‘ کے سیکوئل کا جاد و بھی پھیکا رہا۔

ودیا کو اور ان کے چاہنے والوں کو ”کہانی“ سے بڑی امیدیں تھیں، لیکن جب وقت اچھا نہ چل رہا ہو تو تمام تدبیریں الٹی ہوجاتی ہیں،ودیا کی اِس کہانی اور اُس کہانی میں فرق بھی بہت تھا،پہلے والی کہانی سے کسی کو کچھ امید ہی نہیں تھی۔2012میں ریلیز ہونے والی فلم میں ودیا کے علاوہ کون کون تھا؟ کوئی بھی تو نہیں جانتا تھالیکن کہانی نے ریلیز ہوتے ہی ہلچل مچادی جس نے دیکھی اس نے دوسرے سے تعریف کی ،دوسرے نے چوتھے سے اور اس طرح یہ سلسلہ تیزی سے چلا۔

کہانی نے پہلے سین سے ہی دیکھنے والوں کو جکڑ لیا تھا۔ٹرین یا میٹرو میں کیا ہوا ،پھر ودیا کولکتہ میں کس کو ڈھونڈنے آئی،کس حالت میں آئی ۔سب فلم دیکھتے ہوئے تانے بانے بننے لگتے ہیں اور اچانک آخر میں بہت بڑے سرپرائز کا جھٹکا لگتا ہے۔ سسپنس اور تھرل سے بھرپور کہانی میں ہر کردار اور لوکیشن فلم دیکھنے والوں کے دل میں بس گیا ۔چاہے وہ ودیا کی کہانی سننے والے اور اس کی مدد کرنے والے تین پولیس والے ہو ں یا پھر انشورنس کلرک کے روپ میں بھیانک ٹارگٹ کلر۔

نواز الدین صدیقی بھی کہانی کے بعد زیادہ مشہور ہوئے۔لیکن اس بار کہانی میں پچھلی کہانی جیسی جان نہیں تھی۔ودیا کی کہانی پہلے دیکھ کر یہ لوگ جان چکے تھے کہ اس بار بھی سامنے نظر آنے والی کہانی کچھ اورہی نکلے گی۔

ودیا کی فلاپ فلموں کا ساتھ کم تھا کہ ارجن را م پال اور جگل ہنس راج جیسے ناکام اداکار بھی اس فلم میں نظر آئے۔ اگر ودیا کا ”قسمت کنیکشن“ شاہد کپور کو کامیابی دلاسکتا ہے تویہاں ارجن اور جگل کی بد قسمتی نے فلم کوباکس آفس پر مکمل ڈبودیا۔کہانی 2اپنے پہلے حصے سے آدھا بزنس بھی نہیں کرسکے گی۔

کبھی کامیاب فلموں کی ”گرو“ ودیا بالن فلم کے ہٹ ہونے کی ضمانت تھی۔اپنے کیریئر میں کسی بھی بڑے خان کی ہیروئن بنے بغیر ودیا بالن نے وہ کردکھایا جو سب کو ناممکن لگتا تھا بعد میں ”کنگنا “ودیا کے قریب پہنچی لیکن ودیا جیسی کامیابی کنگنا کو بھی نہیں ملی۔”پری نیتا “ کامیاب پھر” لگے رہو منا بھائی“ سپر ہٹ ”اک لویا“ایورج اور ”ہے بے بی “ اور ” بھول بھلیاں “ جیسی باکس آفس ہٹ کا جادوکیا کم تھا کہ ودیا نے پھر ایک کے بعد دوسری ہٹ فلم دے کر سب کو ہلادیا۔پہلے ”بگ بی“ کی ماں کا رول ،”پا “ وہ فلم تھی، جس نے ودیا کوپہلی بار بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دلوایا۔

ودیا اس سے پہلے بہترین نئی اداکارہ کا ایوارڈ بھی جیت چکی تھی۔”پا“ میں ودیا کی اداکاری کے سب دیوانے ہوگئے۔ابھی دیکھنے والوں کی آنکھوں سے ”پا“کا نشہ اترا بھی نہیں تھا کہ ”عشقیہ“ میں ودیا کے بالکل مختلف کردار نے سب کو حیران کردیا۔فلم میں ودیا نے پہلی بار”بولڈ“ سین بھی کیے۔

اس فلم سے ودیا کو 2011 میں بہترین اداکارہ کا”کریٹکس ایوارڈ“ دیا گیا۔اسی سال ودیا نے پھر پہلے ”نو ون کلڈ جیسکا“ میں رانی مکھرجی جیسی منجھی ہوئی اداکارہ کے ساتھ پاور پیک پرفارمنس دی اور پھر ”ڈرٹی پکچر “ جیسی بڑی ہٹ ،جس کی ”اینٹر ٹینمنٹ ،اینٹر ٹینمنٹ اور اینٹر ٹینمنٹ“ دیکھنے والوں کو آج چار سال بعد بھی یاد ہے۔”ڈرٹی پکچر “ کی کامیابی کے بعد ودیا کو چوتھے خان کا درجہ مل گیا۔ہر ایوارڈز کی تقریب میں بہترین اداکارہ کیلئے ایک ہی نام پکارا گیا اور وہ تھا ودیا بالن کا۔

ودیا ”ڈرٹی پکچر“ کی کہانی میں تو بطور اسٹار ناکام ہوئی لیکن باکس آفس پر اس کی داستان میں ابھی کامیابیوں کی ایک اور کہانی باقی تھی۔2012میں ”کہانی“ آئی اور پھر کیا ہوا یہ سب جانتے ہیں،اس سال بھی ایوارڈز کی ہر شیلڈ،ٹرافی اور مورتی ودیا بالن کے گھر سجیں۔

”ڈرٹی پکچر“ میں تو پھر ودیا کی سپورٹ میں سپر ہٹ میوزک، ہٹ ڈائریکٹر،بڑا بینر ،ساتھی اداکار نصیر الدین شاہ ،عمران ہاشمی اور تشار کپور جیسے بڑے نام تھے۔لیکن کہانی میں ایسا کچھ نہیں تھا فلم دیکھنے والوں کو سنیما لانے کیلئے صرف ودیا کا نام ہی کافی تھا،فلم کامیاب ہوئی اورودیا نے شادی کا فیصلہ کیا اور کہانی کے فوراً بعد اپنا” قسمت کنکشن“ مشہور فلم پروڈیوسر ”سدھارتھ رائے کپور“ سے جوڑ لیا۔یہ والے کپور فلم عاشقی ٹو والے ہیرو آدیتہ رائے کپور کے بڑے بھائی ہیں۔اب یہیں سے ”شادی کے سائیڈ ایفکٹس “ شروع ہوئے۔

پہلے ”گھن چکر“ دیکھنے والے چکرا کر رہ گئے پھر ”شادی کے سائیڈ ایفکٹس“ بھی نہیں چلی۔ایک سال کے وقفے کے بعد ”بوبی جاسوس“ آئی لیکن کسی کو پسند نہیں آئی پھر عمران ہاشمی کے ساتھ” ہماری ادھوری کہانی “ بھی فلاپ گئی ۔یہاں تک کہ ”تین“ میں امیتابھ اور نواز الدین صدیقی کا ساتھ بھی کام نہیں آیا۔اب کہانی2بھی ناکام ڈیکلیئرکردی گئی ہے۔

ودیا کاباکس آفس پر سکہ چھ سال چلا پھر چار سال ناکامی کے بھی دیکھ لیے لیکن کوئی بات نہیں کیونکہ ابھی تک ودیا کی شادی میں سوائے ان کی فلموں کی ناکامی کے کوئی اور سائیڈ ایفیکٹ نہیں اور جو عروج ودیا نے دیکھا وہ بالی و وڈ میں کم ہی حسیناوٴں کو نصیب ہوا ہے۔

ودیا نے مسلسل چار سال بہترین اداکارہ یا بہترین اداکارہ کا کریٹکس ایوارڈ اپنے نام کیا جو ریکارڈ توڑنا مشکل ہی نہیں ناممکن لگتا ہے۔

مزید خبریں :