25 جون ، 2012
اسلام آباد … فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آمدنی ظاہر نہ کرنے پر مصباح الحق، محمد حفیظ اور عمر اکمل سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کردیئے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بڑے بڑے معاہدے ہیں اس کے باوجود وہ ٹیکس نہیں دیتے۔ ذرائع کے مطابق آمدنی ظاہر نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے 6 معروف کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جن میں مصباح الحق، محمد حفیظ، عمر اکمل، وہاب ریاض، توفیق عمر اور اظہر علی شامل ہیں۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایا ہے کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض کی سالانہ آمدنی ایک کروڑ 90 لاکھ روپے ہونے کے باوجود وہ تاحال نیشنل ٹیکس نمبر کے حامل ہی نہیں ہیں جبکہ کرکٹر اظہر علی نے ٹیکس گوشواروں میں اپنی پوری آمدنی ہی ظاہر نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل اور توفیق عمر نے 11-2010ء کے انکم ٹیکس گوشوارے داخل نہیں کرائے جبکہ مصباح الحق نے 2010ء کے گوشوارے داخل کرائے تاہم 2011ء کے گوشوارے ایف بی آر نہیں پہنچیں، محمد حفیظ نے 2010ء اور 2011ء کے انکم ٹیکس گوشوارے داخل نہیں کرائے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی سالانہ آمدنی 2 کروڑ 20 لاکھ، محمد حفیظ کی 2 کروڑ، عمر اکمل کی 3کروڑ، توفیق عمر کی 50 لاکھ اور اظہر علی کی آمدنی ایک کروڑ روپے ہے۔