پاکستان
17 دسمبر ، 2016

وزیراعظم نے لاہور میں گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے لاہور میں گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نواز شریف نے لاہور میں مینار پاکستان کے پہلو میں گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کر دیا، 120ایکڑ پر محیط پارک میں لائبریری، اوپن ایئرجم اور ڈانسنگ فاؤنٹین بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کاگریٹر اقبال پارک منصوبے کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پورے بر صغیر میں ایسی کوئی جگہ نہیں ہے، اقبال پارک وہی جگہ ہے جہاں ماضی مستقبل سے گلے مل رہاہے، میرا اشارہ مزار اقبال کی طرف ہے جو ہمارا ماضی اور مستقبل ہیں، علامہ اقبال نے صرف منزل ہی نہیں دی، رہنمائی بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں سیاسی تقریرکرنے نہیں آیا،یہ پارک لاہور کی خوب صورتی میں بھی اضافہ کرے گا، دھرنے والے بھی ایسی جگہیں تلاش کرتے رہتے ہیں، یہاں یہ بھی لکھ کر لگا دینا چاہیے کہ یہ دھرنے کی جگہ نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہاں پر حفیظ جالندھری صاحب کا مزار بھی موجود ہے، قلعے کی بھی تزئین و آرائش ہونے والی ہے، ان تاریخی عمارتوں کو بہتر بنانا ہماری ذمے داری ہے، شہباز شریف کو کہاہے کہ تاریخی عمارتوں کو اور روشن کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے تہذیبی لحاظ سے بھی اپنی ذمے داریوں کو پورا نہیں کیا، شاید ماضی کی حکومتوں نے اپنی ذمے داریوں کو پورا نہیں کیا،اب ملک میں تین سال پہلے جیسے حالات نہیں ہیں، انشاء اللہ بجلی کا مسئلہ بھی جلد حل ہوجائے گا،ملک میں سستی بجلی آئے گی، دہشت گردی ختم ہورہی ہے،بجلی آئے گی توپاکستان روشن ہوگا،بلوچستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دیکھنے والوں کو بھی نظر آرہاہےکہ ہماری حکومت کیا کیا کررہی ہے، ہمارے پاس ترقیاتی کاموں کے لیے وسائل اور بڑھ جائیں گے، جہاں روشنیاں ختم ہوگئی تھیں، وہاں اب بحال ہورہی ہیں ، پاکستان سے دہشت گردی ختم ہورہی ہے،ملک میں ترقی کا پہیا تیزی سے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت تیزی سے حالات بدل رہےہیں، وہاں احساس محرومی ختم ہورہی ہے، وہاں سڑکوں کے جال بچھ رہے ہیں، گوادر میں ہم نے 449 کلو میٹر لمبی سڑک کا افتتاح کیا،بلوچستان کے عوام سمجھ رہے ہیں کہ وہاں انقلاب برپا ہورہاہے، ہماری کارکردگی سب کو نظر آرہی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا ہے کہ کوئٹہ سے گوادر جانے میں پہلے 2دن لگتے تھے اب 8گھنٹے لگتے ہیں،اب کوئی بھی شخص ناشتہ کرکے کوئٹہ سے نکلے گا اور لنچ گوادر میں کر سکے گا۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت پنجاب چھوٹے چھوٹے علاقوں میں اسپتال بنا رہی ہے، علامہ اقبال کے خواب کے تعبیر کی سعادت ہمیں حاصل ہو رہی ہے، جن حکمرانوں نے بجلی کے منصوبے نہیں لگائے، ان سے عوام کو سوال پوچھنا چاہئے۔

مزید خبریں :