31 دسمبر ، 2016
وفاقی حکومت نے پشاور کے نامور فنکار افتخار قیصر کا سرکاری خرچ پر علاج کرانے کا اعلان کیا ہے، افتخار قیصر کو آج پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے گا، حکومت نے ڈاکٹر ارشد کو افتخار قیصر کے علاج کے لیے فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔
معروف فن کار افتخار قیصر کی علالت سے متعلق جیو نیوز پر خبر کی اشاعت کاوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے فوری نوٹس لے لیا۔
وفاقی وزیر نے افتخار قیصر کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے سرکاری خرچ پر علاج کرانے کا اعلان کیا۔
’’اب میں بولوں کہ نہ بولوں‘‘ کے مقبول ڈائیلاگ سے شہرت پانے والے فن کار افتخار قیصر کے بارے میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فن کار ہمارا قومی اثاثہ ہے جن کی حکومت ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔
افتخار قیصر کو پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی نگرانی میں اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے، اس سے قبل بیت المال نے بھی افتخار قیصر کو علاج کے لیے پچاس ہزار کا چیک دیا تھا۔