12 جنوری ، 2017
حویلیاں طیارہ حادثے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے،حادثے کے شکار طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ سامنے آگئی، چترال سے اڑتے وقت طیارے کے دونوں انجن 100فیصد ٹھیک تھے۔
حادثے کے شکار طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو موصول ہوگئی،سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چترال سے اڑتے وقت طیارےکےدونوں انجن100فیصد ٹھیک تھے،بلیک باکس رپورٹ کے مطابق4بجکر12 منٹ پرپائلٹ نےپہلی کال کی۔
عرفان الٰہی نے کہا کہ پہلی کال میں پائلٹ کی آواز پرسکون تھی، 2 منٹ بعد پائلٹ نے مے ڈے کال کردی، 4بج کر 14 منٹ پرپائلٹ نے بتایا کہ ایک انجن کام چھوڑ چکا تھا، 10سے15منٹ بعدطیارہ گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، تاہم بلیک باکس کا 100 فیصد ڈیٹا محفوظ رہا۔
سیکریٹری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کے مطابق طیارے نے لینڈنگ کی کوشش نہیں کی تھی، تحقیقات کی جارہی ہیں، انجن ٹھیک ہونے کے باوجود طیارہ حادثے کا شکار کیسے ہوا، وزیراعظم نےحادثے کا شکار طیارے میں ایک ہفتہ پہلے گوادر کا دورہ کیا تھا۔