30 جون ، 2012
پشاور … وزیر اطلاعات و ثقافت خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ہنرمند اور فن کار طبقہ ہماری ثقافت کے امین ہیں۔ جن کا تحفظ اپنے سروں کی قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ نشترہال پشاور میں ثقافت سے وابستہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ اپنی مٹی، ثقافت اور زبان سے محبت کرنے والی قومیں ہی اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہیں اور دنیا میں باوقار مقام حاصل کرتی ہیں۔ اے این پی کی صوبائی حکومت اسی اصول پر کارفرما ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت ہنر مندوں اور فن کاروں کی جومالی امداد کر رہی ہے وہ ان کے مقام اور مرتبے کے لائق نہیں۔ تاہم یہ ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔میاں افتخار نے گلوکارہ غزالہ جاوید کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کر رہے ہیں قاتل نہ صرف قانون بلکہ اللہ کی گرفت سے بھی نہیں بچ سکیں گے۔