20 فروری ، 2017
طارق ابوالحسن...سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک مرتبہ پھر پی آئی اے کے تمام 6اے ٹی آر طیاروں کو گراونڈ کرکے ان کے انجنوں کو چیک کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ چار طیارے چیک مکمل ہونے کے بعد پرواز کیلئے کلیئر قرار دے دیئے گئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ میگنیٹک چپ ڈٹیکٹر کے ذریعے اے ٹی آر طیاروں کے انجن آئل میں دھاتی ذرات کے تناسب کو چیک کیا جائے تاکہ انجن کے پرزوں کے گھسنے کی رفتار اور کارکردگی پر نظر رکھی جاسکے۔
ذرائع کے مطابق جب سے اے ٹی آر طیارے لئے گئے ہیں ایک مرتبہ بھی انجن آئل کی جانچ نہیں کی گئی ہے کیوں کہ پی آئی اے کے پاس میگنیٹک چپ ڈیٹیکٹر موجود ہی نہیں تھا،تاہم اب سی اے اے کی سخت سرزنش کے بعد پی آئی اے نے یہ آلہ حاصل کرلیا ہے۔
حویلیاں میں پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے حادثےکے بعد تمام اے ٹی آر طیاروں کا شیک ڈاؤن چیک ہوا تھا مگر میگنیٹک چپ ڈیٹیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے انجن آئل چیک نہیں ہو پارہا تھا۔
ادھر پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے چیک کرنے کے بعد پی آئی اے کے 6طیاروں میں سے 4کو پرواز کی اجازت دے دی ہے۔