پاکستان
24 فروری ، 2017

عمران فاروق قتل کیس،3 ملزمان اشتہاری قرار

عمران فاروق قتل کیس،3 ملزمان اشتہاری قرار

ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،ملزم افتخار حسین، محمد انور اورکاشف خان کامران کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ڈیڈ لائن کے باوجود سرینڈرنہ کرنے والوں کو اشتہاری قراردلوایا جائے گا، ملزمان کو وطن لانے کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیے جائیں گے ۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نےعمران فاروق قتل کیس کے 3ملزمان افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کامران کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی ۔

اس حوالے سے ایف آئی اے نے درخواست دائر کی تھی، تینوں ملزمان کے گھروں اور عوامی مراکز پر بھی اشتہار چسپاں کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اشتہار میں دی گئی ڈیڈ لائن کے باوجود سرنڈر نہ کرنے والوں کو عدالت سے اشتہاری قرار دلوا کر وطن واپسی کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کرائیں جائیں گے اور یہ کارروائی اگلے دو ہفتوں کے دوران مکمل کرلی جائے گی۔

اس سے قبل عدالت نے 2 دسمبر کو تینوں ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

ایف آئی اےحکام کے مطابق ملزمان افتخار حسین اور محمد انور برطانیہ میں مقیم ہیں، ایم کیو ایم کے بانی قائد بھی ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔

مزید خبریں :