06 جولائی ، 2012
روم… ذہنی دباؤ کی وجہ سے بچوں کو سردرد کی تکلیف ہوسکتی ہے۔ اٹلی میں کی گئی حالیہ تحقیق کے مطابق اسکول جانے اورا سکول کا کام کرنے کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں اسی طرح رات کو زیادہ دیر تک کمپیوٹر کا استعمال بھی ذہنی دباؤ میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ سردرد کی تکالیف میں مبتلا دو تہائی بچے ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں۔ تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ڈالدلیبرا نے کہا ہے کہ دوران تحقیق 72 فیصد ایسے کیسزسامنے آئے جن کی سردرد کی وجہ ذہنی دباؤ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو سکول کی پڑھائی اور رات کو کمپیوٹر کے امتحان یا ٹی وی دیکھنے کی وجہ سے اپنی نیند پوری نہ ہونے کے باعث ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے انہیں سردرد کی شکایت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1970ء کی دہائی کے دوران صرف 14 فیصد بچوں اوربڑے افراد کو 6 ماہ کے دوران ایک مرتبہ سردرد کی شکایت ہوئی تھی۔ تحقیقی ٹیم نے کہا ہے کہ بچوں میں سردرد کی تکالیف کو کم کرنے کیلئے انہیں ذہنی دباؤ سے آزاد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بچوں کو دوران تعلیم تفریح اور کھیلنے کودنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے انہیں ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس طرح رات کو ٹی وی دیکھنے اور کمپیوٹر کے استعمال میں کمی کے ذریعے انہیں بھرپور نیند کا موقع فراہم کرکے سردرد اور ذہنی دباؤ سے بچایا جاسکتا ہے جس سے ان کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔