دنیا
09 مئی ، 2017

مسلمان زیادہ سے زیادہ مسجد اقصیٰ جائیں،اردگان

مسلمان زیادہ سے زیادہ مسجد اقصیٰ جائیں،اردگان

ترک صدر رجب طیب اردگان نے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں پر زوردیا ہے کہ اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے مسجد اقصیٰ کے زیادہ سے زیادہ دورے کریں۔

استنبول میں یروشلم پر منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب میں طیب اردگان نے اپنے خطاب میں مغربی کنارے اور یروشلم میں یہودی آبادکاری کے منصوبوں پر اسرائیل پر زبردست تنقید کرتے ہو ئے اسے جنوبی افریقا کی سابق نسل پرستانہ پالیسی سے بھی تشبیہ دی ۔

انہوں نے کہا ہم مسلمانوں کو بطور خاص کثرت سے القدس کا دورہ کرنا چاہئے،طیب اردگان نے یروشلم کا عربی نام استعمال کرتے ہوئے کہاکہ ’’ یروشلم پر یہودی قبضہ ہر دن مضبوط ہورہا ہے اور یہ قبضہ ہم مسلمانوں کی توہین ہے‘‘۔

ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی نئی کارروائیوں میں اور نسل پرست ،امتیازی سیاست میں کوئی فرق نہیں جیسا کہ ماضی بعید میں نیگروز(کالوں) کے ساتھ امریکا میں سلوک روا رکھا گیا اور ماضی قریب میں نیگروز ( کالوں) کے ساتھ جنوبی افریقا میں سلوک روا رکھا گیا۔

اپنے خطاب کے دوران طیب اردگان نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیاکہ وہ اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل نہ کرے ،امریکا کی جانب سے یہ اقدام انتہائی غلط اوراحمقانہ مشورہ ہوگا،یہ عام مقام نہیں ہے ، وہ نہیں جانتے کہ یہ ہمارے لئے کتنے مقدس مقام کی حیثیت رکھتا ہے اور منتقلی کس قدر نازک معاملہ ہے۔

استنبول میں یروشلم پر منعقدہ کانفرنس سے طیب اردگان کے خطاب پر اسرائیل نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ایک متنازع لیڈر جس کے اپنے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہوں،اس کو اخلاقیات کی تبلیغ کا کوئی حق نہیں،اسرائیل یہودیوں ، مسلمانوں اور عیسائیوں کو عبادت کی مکمل آزادی پر سختی سے عمل کرتا ہے ۔

اسرائیل کے معروف روزنامے ہارٹز کی رپوٹ کے مطابق اسرائیل طیب اردگان کی تقریر کا جواب دینے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کررہا،تاہم ترک صدر کاخطاب جو مقامی اور عالمی میڈیا پر بھر پور انداز میں رپورٹ ہو ا اس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی سوچ کو تبدیل کر دیاہے۔

مزید خبریں :