پاکستان
12 مئی ، 2017

’جیونیوز‘ کو احسان اللہ احسان کا انٹرویو نشر کرنے کی اجازت

’جیونیوز‘ کو احسان اللہ احسان کا انٹرویو نشر کرنے کی اجازت مل گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے آئی ایم سی کی اپیل منظور کرلی۔

پیمرا کی جانب سے انٹرویو نشر کرنے پر پابندی کا حکم کالعدم قرار دے دیا،سلیم صافی کے پروگرام ’جرگہ‘ میں احسان اللہ احسان کا انٹرویو آج رات 11 بجے نشر کیا جائے گا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے 9صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انٹرویو سے ضابطہ اخلاق یا پیمرا آرڈیننس کی خلاف ورزی ہو تو پیمرا عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

آئی ایم سی کی جانب سے اپیل میں کہا گیا تھا کہ پیمرا نے حقائق مدنظر رکھے بغیر غیرقانونی طور پر انٹرویو نشرکرنے پر پابندی عائد کی۔

’جیو نیوز‘ نے قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہوئے انٹرویو نشر نہیں کیا اور عدالت سے رجوع کیا۔

احسان اللہ احسان کا انٹرویو آئی ایس پی آر کے تعاون سے ریکارڈ کیا گیا، پکڑے گئے دہشت گرد کے انٹرویو نشرکرنے سے دیگر کو بھی سرینڈر کرنے پر مائل کیا جا سکے گا۔

آئی ایم سی کے وکیل جام آصف محمود کا کہنا ہےکہ عدالت نے ’جیو نیوز‘کی استدعا منظور کرتے ہوئے پیمرا کا حکم نامہ مسترد کر دیا۔