31 مئی ، 2017
مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ احتساب کرنے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے، تم جس کااحتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹاہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں سینیٹر نہال ہاشمی کا جارحانہ انداز میں تقریر کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم نے چھوڑنا نہیں تم کو آج حاضر سروس ہو کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے ۔
رہنماپی ٹی آئی اسد عمرنے نہال ہاشمی کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر نہال ہاشمی نے پاناما کیس میں قائم جے آئی ٹی کو دھمکیاں دیں، چودھری نثار کب نہال ہاشمی کی گرفتاری کا حکم دیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا ہر دور میں احتساب ہوتا رہا ہے ، احتساب کے نام پر انتقام نہیں ہونا چاہیے ۔
ایک سوال کے جواب میں نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگر جے آئی ٹی کے بارے میں بولنا ہوتا تو نام لیتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ لوگ آئین اور جمہوریت کے خلاف ہیں،کچھ لوگ پاکستان کو آگے نہیں جانے دینا چاہتے ،جب پاکستان ترقی کرتا ہے ایسا مائنڈ سیٹ آجاتا ہے جو پاکستان کو پیچھے لےجانا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، بیان سے ن لیگ کا کوئی تعلق نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شریف فیملی پاکستان کے آئین کی بالادستی پریقین رکھتی ہے،نہال ہاشمی کے بیان پران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔