02 جون ، 2017
بالی وڈ اسٹار انیل کپور پہلی بار اپنے بیٹے کے ساتھ فلم میں جلوہ گر ہورہے ہیں جس وہ باپ ہی کے روپ میں نظر آئیں گے۔
انیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن کپور نے 2016 میں فلم ’’مرزیا‘‘ سے فنی سفر کا آغاز کیا تاہم فلم باکس آفس پر کامیابی حاصل نہ کرسکی لیکن ہرش وردھن کے کام کو خوب سراہا گیا جس کے باعث ان پر فلمی دنیا کے دروازے کھل گئے ہیں۔
انیل کپور ان دنوں اپنے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ کامیڈی فلم’’مبارکاں‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ ان کے والد کے کردار میں نظر آئیں گے۔
جب کہ اب انیل کپور حقیقی زندگی کے علاوہ فلمی دنیا میں بھی بیٹے ہرش وردھن کے والد کے روپ میں جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔
نوجوان اداکار ہرش وردھن بھارتی ایتھلیٹ ابھی نیو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جس میں ان کے والد انیل کپور بھی بیٹے کے ساتھ کام کررہے ہیں۔
انیل کپور حقیقی زندگی کے بعد اب پہلی بار کسی فلم میں بیٹے کے ساتھ بطور باپ کے کردار میں کام کریں گے۔
فلم کی شوٹنگ رواں سال اکتوبر میں شروع کی جائے گی جس کی ہدایتکاری کے فرائض کنن آئی آر سر انجام دیں گے۔