03 جون ، 2017
معروف گٹارسٹ و کمپوزر عامر ذکی نے کم عمری میں ہی اپنے فن سے دنیا میں نام کمایا اور جلد ہی معروف میوزک بینڈ ’’وائٹل سائن‘‘ جوائن کیا۔
8 اپریل 1968 میں پیدا ہونے والے عامر ذکی نے 14 سال کی عمر میں گٹار بجانا شروع کیا اور معروف گلوکار عالمگیر کے ساتھ دنیا کے کئی ممالک میں کنسرٹ میں شرکت کی۔
عامر ذکی 1995 میں ’’سگنیچر‘‘ کے نام سے اپنی البم ریلیزکی جس کے گیت ’’میرا پیار‘‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور اس گیت کو انہوں اپنی آواز کے ساتھ ساتھ موسیقی بھی دی تھی۔
عامر ذکی فنی سفرمیں کئی مشہور میوزک بینڈ سے وابستہ رہے جس میں ’’وائٹل سائن ‘‘ بھی شامل ہے لیکن وہ البم ’’ہم تم ‘‘ کی ریلیز سے پہلے ہی بینڈ سے الگ ہوگئے تھے۔
عامر ذکی نے 2007 میں گلوکار حدیقہ کیانی کے ساتھ ’’رف کٹ‘‘ البم میں بھی کام کیا۔
انہوں نے 2014 میں کوک اسٹوڈیو کے 7 ویں سیزن میں بھی بطور مہمان موسیقار شرکت کی لیکن اس کے بعد کبھی کسی میوزک پروگرام میں شریک نہیں ہوئے۔
اپنے فن سے دنیا میں نام کمانے والے عامر ذکی کی ذاتی زندگی بھی کیرئیر کے طرح نشیب و فراز سے بھرپور تھی۔
عامر ذکی نے 22 سال کی عمر میں شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 2 سال میں یہ رشتہ ختم ہوگیا۔
اپنی زندگی کے آخری ایام میں عامر ذکی بیمار رہنے لگے تھے اور گزشتہ روز حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث 49 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
پاکستان میں فن کا یہ باب بند ہونے پر میوزک انڈسٹری بھی سوگوار ہے اور کئی شخصیات نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
معروف موسیقار سلمان احمد نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مرحوم جنید جمشید کے ساتھ میوزک پروگرام میں شرکت کی عامر ذکی کی تصاویر ٹوئٹ کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔