صحت و سائنس
09 جون ، 2017

ماں بننے والی خواتین کیلیے ڈائٹ مشروب کے نقصانات

ماں بننے والی خواتین کیلیے ڈائٹ مشروب کے نقصانات

ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو خواتین دوران حمل اپنے وزن کو قابو کرنے کے لیے ڈائٹ مشروب پیتی ہیں ان کے بچوں میں خطرناک موٹاپے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی خواتین جو ماں بننے کے قریب ہوں انہیں ڈائٹ مشروب کے بجائے زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیئے کیونکہ ایسے مشروبات بچے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

برطانیہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں کی گئی تحقیق میں دوران حمل شوگر کا شکار ہونے والی خواتین کا ڈیٹا جمع کیا گیا جس سے یہ بات دیکھنے میں آئی کہ جو خواتین حمل کی مدت میں صرف پانی پیتی ہیں ان کے بچوں میں موٹاپے کے امکانات 17 فیصد کم ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈائٹ مشروب پینے والی خواتین میں صرف موٹاپے کا ہی خطرہ نہیں بلکہ بچوں میں پیدائش کے دوران بھی 60 فیصد زیادہ وزن پایا جائے گا۔

اسی حوالے سے کی گئی ایک اور تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جو خواتین دن میں ایک ڈائٹ سوڈا یا مشروب پیتی ہیں ان میں سے 38 فیصد کے بچے قبل از وقت پیدا ہوتے ہیں۔

حمل کے دوران جو خواتین دن میں چار مرتبہ ڈائٹ سوڈا پیتی ہیں ان کے بچے کی قبل از وقت پیدائش کے امکانات 80 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق تحقیق سے پتا چلا کہ جو خواتین ایسی جعلی مشروبات کا استعمال کرتی ہیں ان کے بچوں میں 7 سال کی عمر تک موٹاپے کے امکانات دُگنے ہوجاتے ہیں۔

امریکا کے بچوں میں موٹاپا تیسری بڑی وبا ہے جب کہ برطانیہ کے بچے بھی موٹاپے کا شکار ہیں۔

ماہرین کے مطابق موٹاپا دل کے امراض میں بھی اضافے کی بڑی وجہ ہے۔

اس حوالے سے ایک اور تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ 10 سال کی عمر والے جن بچوں میں موٹاپا دیکھا گیا چند سال بعد ان کی 25 رگیں نقصان کا شکار ہوئیں۔

مزید خبریں :