انٹرٹینمنٹ
09 جون ، 2017

کپل شرما کے شو پر بندش کی تلوار لٹکنے لگی

کپل شرما کے شو پر بندش کی تلوار لٹکنے لگی

معروف کامیڈی شو ’’دی کپل شرما شو‘‘ پر ایک بار پھر بندش کی تلوار لٹکنے لگی اور چینل انتظامیہ نے نیا شو لانےکی منصوبہ بندی شروع کردی۔

کامیڈین کپل شرما ساتھی اداکار سنیل گروور سے تنازعے کے بعد شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ٹی آرپی ریٹنگ میں کمی کے باعث نہ صرف انہیں چینل انتظامیہ نے شو بند کرنے کی وارننگ دی تھی بلکہ نیا شو لانے کا فیصلہ بھی کرلیا تھا۔

چینل انتظامیہ کی وارننگ کے بعد کپل شرما ٹی آرپی کی ٹاپ 10 فہرست میں واپس جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے تھے اور سلمان خان کی جانب سے رئیلٹی شو’’دس کا دم‘‘ میں کام سے انکار کے بعد کپل کا شوجاری رہنے کی امید ہوچلی تھی لیکن  ایک بار پھر چینل انتظامیہ نے کپل شرما کے شو کو بند کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

چینل انتظامیہ نے کپل شرما کے شو کی جگہ امیتابھ بچن کے مشہور شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کا نیا سیزن لانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

جب کہ میگا اسٹار کی فلمی مصروفیات کے باعث شو چند اقساط پر ہی مشتمل ہوگا جس کا توڑ سونی ٹی وی نے ایک اور ڈانس رئیلٹی شو ’’ سپر ڈانسر‘‘ کے دوسرے سیزن کی صورت میں نکال لیا ہے۔

ان دونوں رئیلٹی شو کے ساتھ ساتھ سونی ٹی وی سنیل گروور کا نیا شو لانچ کرنے کی تیاریوں میں بھی مصروف ہے جس کے بعد اب کپل شرما کے شو پر بندش کی تلوار لٹک رہی ہے اور جلد ہی شو آف ایئر ہوجائے گا۔

دوسری جانب سلمان خان نے بھی اپنی نئی آنے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی قسط کی ریکارڈنگ شروع کردی ہے جس میں کپل شرما شو  کو خیر باد کہنے والے فنکار علی اصغر ، سنیل گروور ، چندن پر بھارکر اور سگندا مشرا ساتھ ہوں گے۔

مزید خبریں :