12 جون ، 2017
سماجی رابطے کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ 30 جون کے بعد سے کئی موبائل فونز پر نہیں چلے گی۔
آپ بھی اگر ان فونز کو استعمال کررہے ہیں اور واٹس ایپ کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو فوری طور پر اپنے فون تبدیل یا اپ ڈیٹ کرلیں۔
واٹس ایپ نے 30 جون کے بعد سے بلیک بیری او ایس اور 10، نوکیا ایس 40 اور نوکیا ایس 60 پر اپنی سروس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
واٹس ایپ نے نوکیا اور بلیک بیری پر اپنی سروس دسمبر 2016 میں بند کرنی تھی لیکن گزشتہ سال نومبر میں اس فیصلے کو بلیک بیری کے اعتراض کی وجہ سے جون 2017 تک موخر کیا گیا تھا۔
اینڈروئیڈ 2.2 فرویو، آئی او ایس 6 اور ونڈوز فون 7 پر واٹس ایپ گزشتہ سال دسمبر سے بند ہوچکا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہےکہ وہ اپنے فیچر کو مزید بہتر کرنے جارہے ہیں اور یہ فونز اپنے اندر ان فیچرز کو سمانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
واٹس ایپ نے صارفین کو مشورہ دیا ہےکہ اگر وہ یہ پلیٹ فارم استعمال کررہے ہیں اور واٹس ایپ کے مزید جدید فیچر سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو اپنے موبائل فونز کو نئے او ایس ورژن یا نئے اینڈروئیڈ او ایس 2.3.3+، آئی او ایس 7+ یا ونڈوز فون 8+ پر اپ ڈیٹ کریں۔
واٹس ایپ کی جانب سے مزید وضاحت کی گئی ہےکہ ان پلیٹ فارمز کے درمیان صارفین اپنی چیٹ ہسٹری منتقل نہیں کرسکتے۔
جب کہ اگر کسی صارف کی جانب سے درخواست کی گئی تو کمپنی اس کی چیٹ ہسٹری اس کے ای میل اکاونٹ پر منتقل کرنے کا آپریشن فراہم کرے گی۔
واٹس ایپ کا کہنا ہےکہ صارفین اس اقدام کو مزید بہتر سمجھنے کے لیے واٹس ایپ سپورٹ پیج کو دیکھ سکتے ہیں۔