پاکستان
22 جون ، 2017

پنجاب میں ناقص مٹھائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص مٹھائیوں کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ لاہور میں ایک جبکہ راولپنڈی میں 2 مٹھائیوں کے پیداواری یونٹ سیل کردئیے گئے۔

میٹھی عید سےپہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مٹھائی کےنام پرعوام کی صحت سے کھیلنے والوں کےخلاف بڑا آپریشن کیا ہے، جس کے دوران وحدت روڈ لاہور پر عربین ڈیلائٹس نامی مٹھائی کی دکان پر چھاپا مار کر 6 من مضر صحت مٹھائی، 10 من ناقص کھویا اوردیگر اجزا تلف کرکے دکان سیل کر دی۔

ڈی جی پنجاب فوڈاتھارٹی نورالامین مینگل نے بتایا کہ مٹھائی میں کاکروچ اور کیڑے مکوڑے پائے گئے جبکہ تیار مٹھائیاں گندے فرش پر رکھی گئی تھیں۔

راولپنڈی میں بھی ولی بیکرز اور الفلاح بیکرز کے پروڈکشن یونٹس سیل کر دیئے گئے۔ ان یونٹس کو 3بار وارننگ دی گئی تھی، مگر انہوں نے نہ تو مضر صحت اور ناقص اجزا کا استعمال ترک کیا اور نہ ہی صفائی کی صورتحال بہتر بنائی۔

ان یونٹس سے 31 من ناقص مٹھائی اور 17 من خام مال تلف کر دیا گیا۔