07 جولائی ، 2017
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے ایڈووکیٹ مصطفیٰ رمدے کے توسط سے لاہور کی سیشن عدالت میں عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔
ہرجانے کا دعویٰ ہتک عزت کے آرڈیننس 2002 کی شق 4 اور 9 کے تحت درج کرایا گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر 10 ارب روپے رشوت کی پیشکش کا جھوٹا الزام عائد کر کے ان کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچایا ۔
دعوے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اس الزام کے حوالے سے اخباری بیانات اور ٹی وی انٹرویوز کو بطور شواہد پیش کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال 25 اپریل کو شوکت خانم اسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں پاناما کیس پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی ہے۔
دوسری جانب عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران مالی پیشکش کرنے والے شخص کا نام تو نہیں بتایا البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص زیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بہت قریبی ہے۔