08 جولائی ، 2017
معروف کامیڈین کپل شرما کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان اور انوشکا شرما اپنی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی تشہیر کے لیے کامیڈی شو ’’دی کپل شرما شو‘‘ کے سیٹ پر پہنچے جہاں انہیں شو کی شوٹنگ کرانا تھی لیکن اس سے قبل ہی کامیڈین کپل شرما شدید گھبراہٹ کے باعث بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
کپل شرما کی طبیعت خرابی کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے جب کہ شو کی شوٹنگ بھی کینسل کردی گئی ہے تاہم کنگ خان کے ساتھ شو کی شوٹنگ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کپل کے اسپتال سے ڈسچارج کے بعد ہی کیا جائے گا۔
کامیڈین کی طبییعت خرابی کی تصدیق ساتھی اداکار کیکو شار دا نے بھی کردی ہے۔
جب کہ کپل شرما اپنے شو کی گرتی ہوئی ٹی آر پی ریٹنگ اور سونی ٹی وی پر آنے والے نئے کامیڈی شو ’’ دی ڈرامہ کمپنی ‘‘ کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
دوسری جانب کامیڈین اپنی فلم ’’فرنگی‘‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں جس کے باعث انہیں آرام کے لیے کم وقت دستیاب ہے۔
گزشتہ دنوں کپل شرما کو فلم ’’گیسٹ ان لندن‘‘ کی تشہیری مہم کی قسط کے دوران بھی اچانک طبیعت خراب ہونے پر شوٹنگ روک کر اسپتال لے جانا پڑا تھا۔