انٹرٹینمنٹ
11 جولائی ، 2017

’’چائے والا‘‘ ارشد خان افغان شہری نکلا

سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان چائے والا افغان شہری نکلا۔

اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے بنانے والے ارشد خان کو شہرت اس وقت ملی جب ایک خاتون نے ان کی نیلی آنکھوں سے متاثر ہوکر ان کی تصویر کھینچی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔

ارشد نے سوشل میڈیا پر اپنی نیلی آنکھوں اور پرکشش شخصیت کے باعث خوب شہرت حاصل کی اور اسی شہرت کی وجہ سے شوبز میں بھی قدم رکھا تھا۔

ارشد خان کو میڈیا میں بے حد پذیرائی ملی۔ انہیں مارننگ شوز سمیت مختلف میوزک المبز اور اشتہارات میں بھی کاسٹ کیا گیا۔

جب کہ نیلی آنکھوں والے ارشد کی شہرت بھارت سمیت دنیا بھر میں پھیل گئی تھی اور بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان بھی ارشد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے تھے۔

لیکن اب یہی ارشد خان چائے والے سے متعلق نیا انکشاف ہواہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ارشد خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق نادرا ریکارڈ  کے تحت ارشد خان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ نہیں بلکہ وہ افغان شہری ہے۔

ارشد خان نے افغان مہاجرین کا کارڈ بھی نہیں بنایا ہوا ہے اور وہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہے۔

نادرا حکام کے مطابقارشد خان کا تعلق افغانستان کے صوبے قندھار سے ہے اور ان کے والد باز محمد نے دو شادیاں کررکھی ہیں جب کہ انہوں نے افغان مہاجرین کا رجسٹریشن کارڈ بھی حاصل کررکھا ہے۔

ارشد خان نے جعلی دستاویزات پر خود کو موسی خیل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی شہریت حاصل کی اور پاکستانی پاسپورٹ بھی حاصل کر لیا لیکن وزیرداخلہ کےحکم پر جاری تصدیقی عمل کے دوران ان کے افغان شہری ہونے کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

جب کہ ارشد خان نے نادرا کے ریکارڈ میں خود کو والد کی اکلوتی اولاد قرار دیا۔ 

ارشد خان نے افغان شہری ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی ہوں اور میرا تعلق مردان سے ہے جب کہ والد سرگودھا میں پیدا ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے والد 1984 میں سعودی عرب گئے اور 13 سال محنت مزدوری کی ہے جس کے بعد سے ہی ہم اسلام آباد کے نواحی علاقے میں مقیم ہیں۔

دوسری جانب ارشد خان نے اپنے فیس بک پیج پر 15 جون کو نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں شناختی کارڈ لینے کی تصاویریں شیئر کی ہوئیں تھیں لیکن جیو ٹی وی  کے رابطہ کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے تصاویروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :