18 جولائی ، 2017
وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے شیخ رشید کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنج کرتا ہوں شیخ رشید اپنے اثاثے مجھے دیں اور میرے اثاثے رکھ لیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جشن کا منصوبہ بنایا تھا، خان صاحب، قوم آئین اور جمہوریت کی فتح کا جشن ضرور منائے گی، آپ جیسے لوگ جمہوریت کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نوازشریف کے جوتے صاف کرتے تھے اور آج کہاں سے کہاں آگئے، شیخ رشید کو نالہ لئی میں ڈوب مرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو مزدور کہنے والے شیخ رشید کو چیلنج کرتا ہوں کہ اپنے اثاثے مجھے دیں اور میرے اثاثے لے لیں۔
عابد شیر علی نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمودقریشی سے پوچھتا ہوں کتنا نذرانہ ملا اور کتنا ٹیکس ادا کیا؟ شاہ محمود نذرانے اور چڑھاوے کھاتے ہیں، یہ لوگ درباروں کے تیل چوری کرکے بیچتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں سماعت کے موقع پر چوہدری شجاعت بیگانی شادی میں بوڑھا دیوانہ بن کر پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلے آئین و قانون کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ عدالت آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرے گی۔