پاکستان
18 جولائی ، 2017

نواز شریف جمہوریت کے لئے خطرہ بن چکے ہیں، خورشید شاہ

نواز شریف جمہوریت کے لئے خطرہ بن چکے ہیں، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں تاہم نواز شریف جمہوریت کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔

پاناما کیس کی کارروائی دیکھنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میرا مشورہ ہے نواز شریف اس کیس کو مزید نہ کھولیں، حکومت جتنا اس کیس کو کھولے گی اتنا ہی پھنستی جائے گی، اگر جے آئی ٹی کی رپورٹ کی جلد دس کو کھولا گیا تو نواز شریف دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔  

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کیسے ہوسکتا ہے کہ عدالت نواز شریف کے خلاف فیصلہ دے اور ہم تسلیم نہ کریں، ہم نے اپنے وزیراعظم کے خلاف عدالتی فیصلے کو ایک سکینڈ میں تسلیم کیا تھا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کے رویے سے پارلیمنٹ اور جمہوریت کو خطرہ ہے، جمہوریت کو بچانا پیپلز پارٹی کا وطیرہ رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے لئے کوڑے کھائے، جیلیں بھی دیکھیں اور پھانسیاں بھی بھگتیں تاہم جب جمہوریت کو خطرہ تھا تو پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی تھی، جمہوریت کو اس وقت بھی خطرہ تھا اور آج بھی ہے لیکن یہی سمجھا جاتا رہا کہ ہم نواز شریف کے ساتھ تھے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ایک ہی راستہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف فوری استعفیٰ دے دیں کیوں کہ نظام ضروری ہے اور اس سے پہلے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو محفوظ بنایا جائے۔

سپریم کورٹ آمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن سپریم کورٹ میں موجود ہے اس لئے اپوزیشن سے یکجہتی کے لئے یہاں آئے ہیں۔

سپریم کورٹ آمد کے موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن اور فیصل کریم کنڈی بھی تھے۔

مزید خبریں :