18 جولائی ، 2017
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کا معاملہ براہ راست نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز کی 14 سال قید کی طرف جارہا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آرہی ہے اور معاملہ براہ راست نواز شریف، مریم نواز، حسن اور حسین نواز کی 14 سال قید کی طرف جارہا ہے تاہم کوئی معجزہ ہی انہیں سزا سے بچا سکتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے سنا تھا قیامت کے دن بچے باپ کو اور باپ بچوں کو نہیں پہچانیں گے لیکن نواز شریف نے ابھی سے اپنے سگے خالو کو پہچاننے سے انکار کردیا اور کہتے ہیں چوری ہوئی ہے اور پاکستان سے پیسا بھی باہر گیا مگر تفتیش نہ کریں۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نوازشریف جائیں گے اور نیا وزیراعظم آئے گا، پورے پاکستان کی نظریں سپریم کورٹ اور ججز پر ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپارٹمنٹس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جارہیں جب کہ شریف خاندان نے نون لیگ کو منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا تاہم عدالت نے نواز شریف اور ان کی ٹیم پر چھوڑا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد نمبر 10 کھلوائیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ جے آئی ٹی کی وڈیوز سینما میں دکھائی جائیں اس سے فلم انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا اور اگر کیپٹن (ر) صفدر کی جے آئی ٹی وڈیود کھائی گئی تو ٹکٹیں بلیک میں فروخت ہوں گی۔