18 جولائی ، 2017
مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے بڑے بڑے استعفیٰ نہیں لے سکے اور یہ کام مشکل ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کھیل احتساب کا نہیں بلکہ اقتدار کا ہے اور یہ لوگ سپریم کورٹ میں انصاف نہیں بلکہ اقتدار لینے آتے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اقتدار عوام دیتے ہیں اور سپریم کورٹ سے صرف انصاف ملتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن 2013 میں نواز شریف کے خلاف تھی اور اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود نواز شریف وزیراعظم بنے، نواز شریف سے استعفیٰ لینا بہت مشکل کام ہے، بڑے بڑے لوگ ان سے استعفیٰ نہیں لے سکے، آپ تو بچے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ سازش کی کٹھ پتلیاں عمران خان اور ان کا بھتیجا بلاول ہے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں اتحاد ہے اور یہ دونوں جماعتیں سندھ میں تیر اور پنجاب میں بلے پر لڑیں گی۔
طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول آپ اپنے والد سے پوچھیں کہ کرپشن کسے کہتے ہیں وہ تو کرپشن کے سائنسدان ہیں، جو وزیر یا وزیراعظم نہ بن سکے وہ آج عدالت سے کندھا لگائے بیٹھے ہیں۔
رہنما نون لیگ نے کہا کہ جے آئی ٹی نے اصولوں کی خلاف ورزی کر کے رشتے داروں کو ٹھیکا دیا اور ناقص مٹیریل اکٹھا کیا تاہم بعض لوگ اس رپورٹ پر خوش ہیں لیکن جے آئی ٹی نے کس طرح گل کھلائے وہ ہم آہستہ آہستہ سامنے لائیں گے۔