18 جولائی ، 2017
پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین بلے باز قرار دے دیا۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں محمد عامر نے ویرات کوہلی، شیکھر دھون اور روہت شرما کو اپنی بہترین بولنگ سے پویلین کا رخ جلد ہی کرا دیا تھا۔ جس کے باعث پاکستان نے شروع سے ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
ٹوئٹر پر ایک مداح نے محمد عامر سے چار کھلاڑیوں جو روٹ ، اسٹیو اسمتھ ،کین ولیمسن اور ویرات کوہلی میں سے بہترین بلے باز ہونے سے متعلق سوال کیا جس پر جواب دیتے ہوئے عامر نے کہا کہ یہ سب ہی بہترین بلے باز ہیں لیکن وہ ذاتی طور پر ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین بلے باز مانتے ہیں ۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں محمد عامر کی شاندار بولنگ نے تمام مداحوں کے دل جیتے۔ ان کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں 180 رنز سے شکست دی۔
محمد عامر نے مداحوں کو یہ بھی کہا کہ انہیں چیمپیئنز ٹرافی میں کوہلی کی وکٹ لے کر اتنی ہی خوشی ہوئی جتنی ان کو 2009 میں لیگ اسٹیج کے میچ میں سچن ٹنڈولکر کی وکٹ لے کر ہوئی تھی۔