18 جولائی ، 2017
بھارت نے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پاسپورٹ منسوخ کردیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 51 سالہ ذاکر نائیک کا پاسپورٹ ہندوستانی نیشنل کرائم ایجنسی (این آئی اے) کی درخواست پر منسوخ کیا گیا جو ان کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کررہی ہے۔
بعض رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ذاکر کو سعودی شہریت دی جاچکی ہے تاہم اس خبر کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ ان کے پاس ملائیشیا میں مستقل رہائش کا اسٹیٹس پہلے سے ہی موجود ہے۔
گزشتہ سال این آئی اے نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تنظیم کے متعدد دفاتر پر چھاپے مارے تھے۔
ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تنظیم کا دہشت گردوں سے رابطے کا پہلا الزام ڈھاکا کیفے حملے کے بعد سامنے آیا تھا ،چند روز قبل بھارتی کابینہ نے آئی آر ایف کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا ،جس کے بعد اس کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے ۔