پاکستان
20 جولائی ، 2017

جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی کا احتساب کوئی نہیں مانے گا، وزیراعظم

وزیراعظم نوازشریف کا اپر دیر میں عوامی اجتماع خطاب

Posted by Geo News Urdu on Thursday, July 20, 2017

دیر: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے ممبران فرشتوں کی طرح صادق اور امین بنے بیٹھے ہیں، جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی تمہارا احتساب کوئی نہیں مانے گا۔

لواری ٹنل کے افتتاح کے بعد اپر دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تماشا اب بند ہوجانا چاہیے اور ان کے صبر کا امتحان نہیں لیا جائے، ہم پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب نہیں استحصال ہورہا ہے، 49 ہزار پاؤنڈ لوٹنے والوں کا سرعام احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوازشریف کے احتساب کی باتیں ہورہی ہیں جو اندھیرے ختم کررہا ہے، ہم پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، خود مجھے علم نہیں کس چیز کا احتساب ہورہا ہے۔

’ہر روز صبح اٹھ کر استعفے کی بھیک مانگںے والو شرم کرو‘

نواز شریف نے کہا کہ ہر روز صبح اٹھ کر استعفے کی بھیک مانگنے والوں شرم کرو، کیا تمہارے ووٹوں سے اقتدار میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ اپنی عزت پیاری ہے، کیا میں نے ٹمبر ،درختوں اور سنگ مرمر کے ٹھیکے لیے ہیں؟

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹنل کی تعمیر سے چترال میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، ٹنل بناتے بناتے 70 سال گزار دینے والوں نے ظلم کیا۔

انہوں نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ان سے کہا کہ نیا پاکستان چھوڑو نیاخیبرپختونخوا ہی بنالو، وہ یہ بھی نہ کرسکے۔‘

’نیا پختونخوا بھی ہم ہی بنارہے ہیں‘

وزیراعظم نے کہا کہ نیا پختونخوا بھی ہم ہی بنارہے ہیں، پاور پروجیکٹ ہم بنارہے ہیں، چترال میں خواتین یونیورسٹی بھی ہم بنائیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ ’عوام نے تم کو پہلے بھی ٹھکرایا اور 2018 میں بھی ٹھکرائیں گے۔ان کو عوام نے بلدیاتی اور ضمنی انتخاب میں بھی ٹھکرایا، گلگت اور کشمیر میں بھی عوام نے تمہیں ٹھکرایا۔‘

 

مزید خبریں :