26 جولائی ، 2017
بھارتی فلم اسٹارز سلمان خان اور عامر خان اپنی بڑھتی عمر کے باعث 1994 کی شہرہ آفاق فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ کے سیکوئل سے باہر ہوگئے ہیں۔
عامر خان اور سلمان خان 1994 میں فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے اور دونوں کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا۔ فلم میں ان کے مدمقابل روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور شامل تھیں۔
فلم میں امر اور پریم کے کردروں نے اپنی شرارتوں سے فلم بینوں کو محظوظ کیا تھا اور طویل عرصے بعد ایک بار پھر دونوں اسٹارز کے فلم کے سیکوئل میں اداکاری کی خبریں زیر گردش تھیں لیکن اب فلم کے ہدایت کار نے عامر خان اور سلمان کو کاسٹ نہ کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
ہدایت کار راج کمار سنتوشی کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ فلم کے سیکوئل کی کہانی پر کام ہو رہا ہے لیکن فلم میں امر اور پریم کے کرداروں میں سلمان اور عامر نظر نہیں آئیں گے جس کی وجہ دونوں کی بڑھتی ہوئی عمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1994 میں دونوں اداکار نوجوان تھے اور اب 50 سال کی عمر میں دونوں لڑکیوں سے شرارت کرتے ہوئے عجیب ہی نظر آئیں گے لہذا ان کی جگہ نوجوان اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا جب کہ فلم کے لیے ورون دھون، رنبیر اور رنویر کے نام زیر غور ہیں لیکن پوری کوشش ہوگی کہ فلم کے لیے بہترین ٹیلنٹ تلاش کروں۔