پاکستان
02 اگست ، 2017

شہبازشریف کے بعد حمزہ شہباز، رانا ثنا اور مجتبیٰ شجاع وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار، ذرائع

شہبازشریف کے بعد حمزہ شہباز، رانا ثنا اور مجتبیٰ شجاع وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار، ذرائع

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز، رانا ثنااللہ اور مجتبیٰ شجاع کے نام زیر غور ہیں۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا ہے۔

میاں نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی میں اعلان کیا تھا کہ شہبازشریف ملک کے مستقل وزیراعظم ہوں گے تاہم ان کے قومی اسمبلی میں آنے تک یہ ذمہ داریاں شاہد خاقان عباسی انجام دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف اپنے بڑے بھائی نوازشریف کے حلقے این اے 120 سے ہی الیکشن لڑیں گے تاہم انہیں اس کے علاوہ مزید 2 حلقوں سے الیکشن لڑانے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا تھا جسے شہبازشریف نے مسترد کردیاہے۔

دوسری جانب شہبازشریف قومی اسمبلی کی نشست کے لیے الیکشن لڑنے سے قبل وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے لیے پارٹی کی طرف سے حمزہ شہباز کو سامنے لانے پر غور کیا جارہا ہے تاہم حمزہ شہباز کے صوبائی نشست کے الیکشن لڑنے تک عبوری وزیراعلیٰ کو لایا جائے گا جس کے لیے رانا ثنااللہ اور مجتبیٰ شجاع الرحمان کے نام زیر غور ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اے این 120 میں ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے حلقے میں شہبازشریف کے مد مقابل ڈاکٹر یاسمین راشد کو امیدوار نامزد کیا ہے۔

2013 کے عام انتخابات میں بھی اسی حلقے سے میاں نوازشریف کے مد مقابل ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہی انتخاب لڑا تھا۔

مزید خبریں :