05 اگست ، 2017
اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبونل کے فیصلوں پر اعتراض اٹھادیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اسپاٹ فکسنگ کیس سے متعلق جرح مکمل کرکے رپورٹ ٹریبونل کو دے چکاہے جس میں خالد لطیف اور شرجیل خان پر تاحیات پابندی اور بھاری جرمانوں کی درخواست کی گئی ہے۔
جیونیوز کے مطابق خالد لطیف کے وکیل بدر عالم کا کہنا ہےکہ اینٹی کرپشن ٹریبونل کے احکامات پڑھ کرافسوس ہوا اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہےکہ ٹریبونل جانبدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرح کا حق نہ دینا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، قانون اورانصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے، ٹریبونل کہتا ہے کہ ہم 23 مئی کی کارروائی کا حصہ تھے جب کہ 23 مئی کی سماعت میں ہم موجود نہیں تھے۔
بدر عالم کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کاانصاف ہے گواہان سےپی سی بی خودہی جرح کرلے، گواہان سے جرح کرنا ہمارا حق ہے۔