08 اگست ، 2017
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انتقام ہے۔
لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اللہ کے ہاں دیر ہو سکتی ہے،اندھیر نہیں، ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
سربراہ عوامی تحریک نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آپ کو بددیانت قرار دیا تو آپ سازشیں تلاش کر رہے ہیں، آپ نام لیں کس کے خلاف احتجاج کر رہےہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کاپانی ہو، ہم نےجی ٹی روڈ پر نظام کے خلاف احتجاج کیا، آپ کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری آج پاکستان پہنچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان میں قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں نے بیرون ملک اپنی تمام تر مصروفیات ترک کردی ہیں اور طاہرالقادری اپنی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کے استقبال کے لیے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شاہ محمود قریشی کارکنان کے ہمراہ ان کی ریلی میں پہنچے ہیں۔
واضح رہےکہ طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تحریک قصاص کا اعلان کررکھا ہے جب کہ انہوں نے سانحے کی رپورٹ بھی منظر عام پرلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 17 جون 2014 کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں پاکستان عوامی تحریک کے 14 کارکن جاں بحق جب کہ 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کی تحقیقات کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جوڈیشل ٹریبونل قائم کیا تھا۔