14 اگست ، 2017
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہےکہ سب کچھ جل جائے ہم آئین کو جلنے نہیں دیں گے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی ریلی پر کم سے کم 40 یا 50 کروڑ خرچ ہوا اور ان کی احتجاجی ریلی اداروں کے خلاف تھی جب کہ ان کا انقلاب نوازبچاؤ انقلاب ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ 62/63 کو ہم ختم کر رہے تھے مگر نوازشریف کے ذہن میں سازش تھی، نوازشریف بتائیں جواس وقت کہا وہ ٹھیک تھا یا آج جوکہہ رہے ہیں یہ ٹھیک ہے؟ وہ سوچ رہے تھے ان شقوں کو میموا سکینڈل میں آصف زرداری پرلگائیں گے۔
صحافی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سے سوال کیا گیا کہ آئین کی شق 62/63 ختم ہو تو آپ ساتھ دیں گے؟ اس کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ کیسے ختم ہوگی کیوں ختم ہوگی ،وقت آنے پر دیکھیں گے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سب کچھ جل جائے ہم آئین کو جلنے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کو نا اہل قرار دیا، نواز اور شہبازشریف نے نااہل کرانے میں کردار ادا کیا، انہیں وہ وقت یاد کرنا چاہیے۔