Time 20 اگست ، 2017
پاکستان

نیب کا عدم پیشی پر شریف فیملی کو مزید نوٹسز نہ بھیجنے کا فیصلہ

قومی احتساب بیورو نے طلبی کے نوٹسز بھیجے جانے پر شریف فیملی کی عدم پیشی پر مزید نوٹسز نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کیس میں ریفرنس داخل کرنے میں 21 دن باقی ہیں اور شریف فیملی کو مسلسل نوٹسز بھیجنے کے بعد عدم پیشی پر نیب نے مزید نوٹس نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سے ملنے والے ریکارڈ کی روشنی میں ریفرنس داخل کردیا جائے گا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنس داخل کرنے کے لئے ملزمان کی گرفتاری ضروری نہیں تاہم گرفتاری کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزمان اگر عدالت کے سامنے بھی پیش نہ ہوں تو وارنٹ جاری ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں ملزمان کی جائیداد کی ضبطی اور اشتہاری قرار دینے کا عمل شروع ہوگا۔ 

اس سے قبل بھی سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے علاوہ طارق شفیع کو طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے جب کہ شریف فیملی کے قریبی حلقوں کا کہنا تھا کہ انہیں طلبی کے حوالے سے کوئی سمن موصول نہیں ہوا۔ 

مزید خبریں :