Time 21 اگست ، 2017
پاکستان

پشاور میں ڈینگی مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی

پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور اب متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

پشاور کے علاقے تہکال کے بعد فقیرآباد، خیبرکالونی، پشتہ خرہ ا ور ملحقہ علاقوں سے بھی ڈینگی بخار کے مریض سامنے آئے ہیں۔

پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں 22 ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جن کا تعلق تہکال اور پشتخرہ سے ہے جب کہ ڈینگی سے متاثرہ 27 مریضوں کو فارغ کردیا گیا ہے۔ 

پشاور میں دیگر عوامی مسائل کی طرح ڈینگی وائرس کا ایشو بھی سیاست کی نذر ہونے لگا۔ پنجاب حکومت کی رضاکارانہ خدمات کو خیبرپختونخوا نے سیاسی چال قرار دیتے ہوئے میڈیکل ٹیم کو سرکاری اسپتالو ں میں رسائی نہیں دی۔

صوبائی حکومت کے انکار کے باوجود پنجاب سے پشاور جانے والی 'کاروان صحت' موبائل میڈیکل وین پر شہریوں کا رش بڑھ گیا جسے دیکھتے ہوئے گزشتہ روز مزید 2 موبائل ٹیمیں پشاور پہنچ چکی ہیں۔

شہری کہتے ہیں کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولت میسر نہیں پھر بھی صوبائی حکومت نے پنجاب سے آئی ٹیموں کو اسپتالوں تک رسائی دینے سے انکار کر دیا۔

سرکاری اسپتالوں سے مایوس افراد کے لئے پنجاب حکومت کا "کاروان صحت" نعمت بن کر سامنے آیا جہاں دن رات مریضوں کا مفت چیک اپ کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

مزید خبریں :