Time 29 اگست ، 2017
پاکستان

بلوچستان میں ہر 100 خواتین کے مقابلے میں مردوں کا تناسب 110 سے زیادہ

رواں سال 15 مارچ سے 25 مئی تک ہوئی نئی مردم شماری کے مطابق بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار 408 نفوس پر مشتمل ہے، صوبے میں 1998 سے 2017 تک آبادی میں سالانہ اضافہ کی شرح تین اعشاریہ 37 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان میں مردوں کی آبادی 64 لاکھ 83 ہزار 653 جبکہ صوبے میں خواتین کی تعداد 58 لاکھ 60 ہزار 646 ہے، اس اعتبار سے صوبے میں ہر 100 خواتین کے مقابلے میں مردوں کا تناسب 110 اعشاریہ 63 ہے۔

صوبے کے دیہی علاقوں کی آبادی 89 لاکھ 43 ہزار 532 نفوس اور شہری علاقوں کی آبادی 34 لاکھ 876 افراد پر مشتمل ہے، اگر ڈویژن کے اعتبار سے آبادی کو دیکھا جائے تو کوئٹہ ڈویژن 41 لاکھ 74 ہزار 562 افراد کے ساتھ سب سے بڑا ڈویژن رہا۔

قلات ڈویژن 25 لاکھ نو ہزار 230 افراد کے ساتھ دوسرا بڑا ڈویژن، نصیرآباد ڈویژن15 لاکھ 91 ہزار 144 افراد کے ساتھ تیسرے نمبر پر، ژوب ڈویژن 15 لاکھ 42 ہزار 447 افراد کے ساتھ چوتھے نمبر پر، مکران ڈویژن 14 لاکھ 89 ہزار 15 افراد کے ساتھ پانچویں اور سبی ڈویژن 10 لاکھ 38 ہزار 10 افراد کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا۔

اسی طرح نئی مردم شماری کے مطابق ضلع کوئٹہ کی آبادی 22 لاکھ 75 ہزار 699 افراد پر مشتمل ہے جہاں آبادی میں اضافہ کی سالانہ شرح صوبے میں سب سے زیادہ 5 اعشاریہ 83 رکارڈ کی گئی، شہری آبادی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو کوئٹہ دس لاکھ کی شہری آبادی کے ساتھ ملک کا دسواں بڑا شہرہے، 1998 کی مردم شماری سے مواز نہ کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ گزشتہ انیس سالوں میں کوئٹہ کی آبادی میں سات لاکھ 73 ہزار سے بڑھ کر 22 لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

دوسری جانب آواران میں آبادی کی شرح سب سے کم صفر اعشاریہ 15 رکارڈ کی گئی، کیچ نو لاکھ نو ہزار 116 نفوس کے ساتھ بلوچستان کا دوسرا بڑا ضلع بن گیا، خضدار آٹھ لاکھ دو ہزار 207 افراد کے ساتھ صوبے کا تیسرا بڑا ضلع، قلعہ عبداللہ سات لاکھ 57 ہزار 578 افراد کے ساتھ صوبے کا چوتھا بڑا ضلع اور پشین سات لاکھ 36 ہزار 481 نفوس کےساتھ پانچواں بڑاضلع بن گیا۔

ہرنائی97 ہزار 17 افراد کےساتھ بلوچستان کا سب سے چھوٹا ضلع رہا، نئی مردم شماری کے مطابق بلوچستان میں خواجہ سراؤں کی تعداد 109 ہے، صوبے میں سب سے زیادہ 31 خواجہ سرا ضلع کوئٹہ میں شمار ہوئے جبکہ ضلع گوادر میں خواجہ سراؤں کی تعداد 15 شمار کی گئی۔

مزید خبریں :