لاہور قلندرز نے کشمیر سے 16 کھلاڑی منتخب کر لیے

کراچی: لاہور قلندرز نے اپنے رائزنگ اسٹار پروگرام کے پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر سے 16 کھلاڑیوں کو منتخب کر لیا۔

یہ ٹرائلز آزاد کشمیر کے دو شہروں مظفر آباد اور میرپور میں منعقد کیے گئے تھے، جن میں 35 ہزار نوجوانوں نے شرکت کی۔

لاہور قلندرز کے جاز رائزنگ اسٹار پروگرام کا اگلا مرحلہ عید کے بعد شروع کیا جائے گا۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق میرپور میں 15 ہزار نوجوانوں نے پروگرام میں حصہ لیا۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے بتایا کہ میرپور کے ٹرائلز سے 20 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا جنہیں مفظرآباد لے جایا گیا۔

قلندرز کے مطابق مظفر آباد میں 19 ہزار نوجوانوں نے ٹرائلز میں شرکت کی۔

رانا عاطف نے بتایا کہ عید بریک سے قبل دونوں شہروں میں سے 60 افراد کو شارٹ لسٹ کیا گیا جن میں سے بعد میں 16 کو منتخب کیا گیا۔

منتخب کیے جانے والوں کھلاڑیوں میں سہیل اختر، ملک اسود، احمد عباسی، محمد عرفان، محمد مبشر، حسن رضا، محمد یاسر، اویس بٹ، سلمان ارشاد، فہد، شہاب، اسامہ، محمد بلال، دانیال، شایان، طیب اور ایان شامل ہیں۔

ان کھلاڑیوں میں سلمان ارشاد کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ 140 کلو میٹر سے زائد رفتار پر گیند بازی کرسکتے ہیں۔ 

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے بھی ان کی گیند بازی کی تعریف کی۔

جیز رائزنگ اسٹار پروگرام اب چار اور پانچ ستمبر کو روالپنڈی میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کرے گا۔

گزشتہ سال 113000 کھلاڑیوں نے لاہور قلندرز کے اس پروگرام میں ھصہ لیا تھا جنہیں بعد میں آسٹریلیا بھی بھیجا گیا جبکہ ان میں سے چار لاہور قلندرز کی ٹیم کے لیے بھی منتخب ہوئے۔

مزید خبریں :