دنیا
Time 01 ستمبر ، 2017

پاکستان کے ساتھ جامع بات چیت کیلئے تیار ہیں، افغان صدر

کابل: افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مختلف مسائل پر جامع بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق عیدالاضحیٰ کی نماز کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امن افغانستان کا قومی ایجنڈا ہے، پاکستان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مختلف معاملات پر ان سے جامع بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

افغان صدر نے کہا کہ خطے کی سلامتی کی خاطر ہم منطق اور استدلال کے تحت ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں، ایسا امن چاہتے ہیں جس کی بنیاد سیاسی نظریے پر ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو معلوم ہوچکا کہ افغانستان کو زور  دے کر کسی کام کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ سب کی طرف امن کا ہاتھ بڑھا رہا ہوں کیونکہ امن خدا کا حکم ہے، باغیوں اور جنگجوؤں سے مطالبہ کیا ہےکہ امن عمل کا حصہ بنیں، طالبان سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں، کسی طاقت کے آگے نہیں جھکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ پر قوم اور خاص طور پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتا ہوں، افغانستان میں قومی اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی پر فخر ہے۔

مزید خبریں :