08 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: پاناما کیس فیصلے پر سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نظرثانی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ 12 ستمبر کو نظر ثانی اپیلوں کی سماعت کرے گا جس کی سربراہی جسٹس اعجاز افضل کریں گے۔
بنچ میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سنایا جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا جب کہ اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام ہے جس پر سپریم کورٹ نے ان کے خلاف نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا صدر مملکت نئے وزیراعظم کے انتخاب کا اقدام کریں۔
بعدازاں اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج بھی کیا گیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سینئر وکیل اللہ بخش گوندل کی جانب سے آئینی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کو جے آئی ٹی کی تحقیقات کی نگرانی کا اختیار حاصل نہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کسی بھی مقدمےکی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کے جج کو نامزد نہیں کیا جاسکتا۔