09 ستمبر ، 2017
لندن: سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا دوسرا آپریشن بھی کامیاب ہوگیا۔
گزشتہ دنوں بیگم کلثوم نواز کی لندن میں دوران علاج کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد ان کا علاج لندن کے مقامی اسپتال میں جاری ہے جب کہ عید سے قبل انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا تھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق بیگم کلثوم نواز کا دوسرا آپریشن بھی کامیاب ہوگیا ہے جس کے بعد انہیں کمرے میں منتقل کردیا گیا ہے۔
آپریشن میں ان کے سینے سے گلٹیاں نکال لی گئیں ہیں جب کہ نواز شریف اور بیٹے ان کے ہمراہ اسپتال میں موجود ہیں۔
اس سے قبل بیگم کلثوم نواز کے معالجین نے حلق کے کینسر کی ایک اور سرجری کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے وہ آج صبح نوازشریف اور بیٹوں کےہمراہ اسپتال پہنچیں جہاں انہیں ایک بار پھر اسپتال میں داخل کرلیا گیا تھا۔
بیگم کلثوم نواز 11 روز میں وہ دوسری بار اسپتال میں داخل ہوئی ہیں۔
نمائندہ جیو نیوز کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی دوسری سرجری میں سینے سے گلٹیاں نکالی جائیں گی جب کہ ان کی پہلی سرجری گردن کے ایک طرف کی گئی تھی۔
دوسری جانب میاں نواز شریف کی وطن واپسی کلثوم نواز کی طبیعت پر منحصر ہے اور آئندہ چند روز میں ان کی وطن واپسی کی تاریخ طے کی جائے گی۔
نواز شریف کی نااہلی کے بعد بیگم کلثوم نواز این اے 120 سے مسلم لیگ کی امیدوار ہیں اور بیماری کے باعث ان کی بیٹی مریم نواز الیکشن مہم چلارہی ہیں۔