Time 09 ستمبر ، 2017
کھیل

الوداعی تقریب کے لیے لاہور جانے کا فیصلہ نہیں کیا،یونس خان

پاکستان کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا کہ اب تک الوداعی تقریب کے لیے لاہور جانے کا بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی 140 سال پر محیط تاریخ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے پانچ مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔


ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے ریکارڈ 10099 رنز 34 سنچریاں اور سب سے زیادہ 139 کیچ لینے والے محمد یونس خان کا کہنا ہے کہ یہ نہیں بتا سکتا 14 ستمبر کو لاہور میں پی سی بی کی جانب سے دئیے جانے والے الوداعی تقریب کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی صاحب کا بذات خود فون آیا تھا تو انہوں نے کہا یونس سنا ہے آپ پی سی بی سے ناراض ہیں جس کے جواب میں کہا کہ ایسا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الوداعی تقریب کے معاملے میں پی سی بی نے بہت دیر کر دی اور کئی لوگ اس معاملے میں بازی لے گئے ہیں۔

یونس کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی طرف سے الوداعی تقریب میں انھیں بڑی رقم دینے کی پیش کش بھی کی گئی ہے لیکن آج میں جو کچھ بھی ہوں اس پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے دس ہزار رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں تو اس میں ان کا کوئی کمال نہیں، یہ سب اللہ تبارک و تعالی کی خاص عطا ہے جس کا وہ جتنا شکر ادا کروں کم ہوگا۔

یونس خان نے مزید کہا کہ انھیں نہیں لگتا کہ وہ 14 ستمبر کو لاہور میں ہوں گے ، باقی جو اللہ تعالی چاہے بندے کی کوئی اوقات نہیں۔

انہوں نے تنقید کرنے والے سابق کرکڑز کو واضع پیغام دیا ہے کہ اب وہ اس حقیقت کو مان لیں تو اچھا ہوگا کہ یونس خان رنز بنانے کے اعتبار سے پاکستان کا نمبر "ون " کھلاڑی ہے۔

مزید خبریں :