12 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے پاکستان پر پابندیاں اور امداد میں کٹوتی امریکا کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
غیرملکی خبرایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہا ہے، پاکستانی فوج اور انٹیلی جنس عہدیداروں پر مخصوص پابندیاں انسداد دہشت گردی کی امریکی کاوشوں کے لیے مددگار ثابت نہیں ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین سے مضبوط معاشی تعلقات ہیں، 60 کی دہائی سے عسکری شعبے میں تعاون بھی جاری ہے جب کہ امریکی کانگریس کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی فروخت کی منسوخی پر چین سے رابطے سمیت تمام آپشنز پرغور کریں گے۔
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری صورتحال پر پاکستان کو الزام دینا سراسر ناانصافی ہے، افغانستان کے ساتھ پوری سرحدی پٹی پر باڑ لگانے کا ارادہ ہے۔
ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ سیاسی فیصلے عدالتوں میں نہیں کیے جاسکتے، سیاسی طور پر نواز شریف پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔