پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2017

این اے 120: ضمنی الیکشن لڑنے والے امیدوار کون ہیں؟


— کلثوم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن — کلثوم نواز

پیدائش: 1950

تعلیمی قابلیت: ایم اے

مسلم لیگ ن کی امیدوار اور پاکستان کی سابق خاتون اول، کلثوم نواز کا تعلق کشمیری گھرانے سے ہے اور وہ گاما پہلوان کی پوتی ہیں۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم مدرسہ البنات سے حاصل کی اس کے بعد لیڈی گریفن سکول سے میٹرک کیا۔ ایف ایس سی اسلامیہ کالج جب کہ بی ایس سی ایف سی کالج لاہور سے کی۔

آپ نے ایم اے پنجاب یو نیورسٹی سے کیا اور اسی دوران سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی منگنی ہوگئی۔

بیگم کلثوم نواز کے بھائی عبدالطیف کی شادی بھی شریف خاندان میں ہوئی تھی اور یہی رشتہ داری اپریل1971 میں نواز شریف سے ان کی شادی کا سبب بنی۔

کلثوم نواز کو عملی سیاست سے دلچسپی نہیں تھی اور وہ خاتون خانہ ہونے کو ترجیح دیتی رہیں۔

جنرل پرویز مشرف کے مارشل لاء کے بعد جب نواز شریف کو جیل جانا پڑا، تو ان کی رہائی کی مہم چلانے کے لئے کلثوم نواز سیاسی میدان میں سرگرم ہوئیں۔

22 جون 2000 میں ان کو مسلم لیگ ن کی قائم مقام صدر بنا دیا گیا اور وہ دو سا ل تک پارٹی کی صدارت کرتی رہیں۔

نواز شریف کی گرفتاری کے خلاف انہوں نے کاروان تحفظ پاکستان ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا،جس کی بناء پر انہیں 8 جولائی 2000 کو نظر بند کر دیا گیا۔ مگر بیگم کلثوم نواز چند لیگی کارکنوں کے ہمراہ جیل روڈ انڈر پا س پہنچ گئیں جہاں سے پولیس ان کی گاڑی کو کرین کے ذریعے جی او آر لے گئی اور وہاں ان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اب ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ نے نواز شریف کی نااہلی کے بعد بیگم کلثوم نواز کو ان کی خالی نشست سے انتخاب لڑانے کا فیصلہ کیا ہے۔

— ڈاکٹر یاسمین راشد

پاکستان تحریک انصاف — ڈاکٹر یاسمین راشد

پیدائش : 21 ستمبر 1950

تعلیمی قابلیت : ایم بی بی ایس، ایف سی پی ایس

پاکستان تحریک انصاف کی نامزد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 1950میں چکوال میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم نیلہ، چکوال سے حاصل کرنے کے بعد لاہور آگئیں اور کانمنٹ جیزز اینڈ میری میں زیر تعلیم رہیں۔

انہوں نے ایف ایس سی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے کی جب کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج سے1978میں ایم بی بی ایس کرنے کے بعد، ایم سی پی ایس کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پاکستان سے 1981 میں کیا۔

1984میں رائل کالج اوبسٹیٹر کس اینڈ گائنا کولوجی سے ایم آرسی او جی اور 1999 میں ایف آر سی او جی کیا۔ جب کہ ایف سی پی ایس کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے2010 میں کیا۔

صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور، چیئرمین ٹاسک فورس وومن ڈویلپمنٹ اور چیئرمین وومن ہیلتھ کمیٹی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے علاوہ کئی اہم عہدوں پر فائز رہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں ان کے سسر ملک غلا م نبی تحریک پاکستان کے کارکن اور ذوالفقارعلی بھٹو کی کابینہ میں وزیر تعلیم تھے۔

ان کے سسر نے ہی انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا مشورہ دیا اور 2010میں سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لیا اور لاہور چیپٹر کی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئیں ۔ 2013 کے انتخابات میں نواز شریف کے مدمقابل این اے 120 لاہور III سے الیکشن لڑا اور 52,321 ووٹ حاصل کیے۔

یہ اب تک اس حلقہ میں نواز شریف کے کسی مخالف امیدوار کو ملنے والے سب سے زیادہ ووٹ ہیں۔ اب نواز شریف کی نا اہلی کے بعد ان کا مقابلہ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز سے ہے۔

— فیصل میر

پاکستان پیپلز پارٹی — فیصل میر

تاریخ پیدائش: 14 اگست 1967

تعلیمی قابلیت: ایم اے

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر مشہور صحافی اور مصنف وارث میر کے صاحبزادے ہیں۔ 

ابتدائی تعلیم گورنمنٹ سنٹرل ماڈل ہائی سکول سے حاصل کرنے کے بعد ہیلے کالج آف کامرس سے بی کام کیا۔ 

بعدازاں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ماسٹرز ان پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کی۔ 

آپ کے والد بھی پیپلزپارٹی سے ہی مُنسلک تھے اس لئے شروع سے ان کی وابستگی اسی جماعت کے ساتھ رہی ہے۔ جنرل ضیاء الحق کی آمریت کے دور میں اپنے والد کی وجہ سے، فیصل میر سیاسی انتقام کا نشانہ بھی بنے اور متعدد مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔ سیاست کا آغاز طالبعلمی کے زمانے سے ہی کیا اور 1990میں ہیلے کالج آف کامرس میں سٹوڈنٹ تنظیم "پیپلز سٹوڈنٹ فیڈریشن" کی بنیاد رکھی۔

آپ پی ایس ایف پنجاب کے صدر بھی رہے۔ انتخابی سیاست کا آغاز 2013 میں کیا اور عام انتخابات میں پی پی 154 لاہور 18 سے انتخاب میں حصہ لیا مگر صرف 1718 ووٹ حاصل کر پائے۔

فیصل میر سیاسی اور صحافتی پس منظر رکھتے ہیں مگر پیشے کے اعتبار سے بزنس مین ہیں۔

— ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

جماعت اسلامی پاکستان — ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

تاریخ پیدائش: 5 دسمبر 1959

تعلیمی قابلیت:ایم اے، ایل ایل بی۔

جماعت اسلامی کے امیدوار ضیاء الدین انصاری نے وطن اسلامیہ ہائی سکول سے میٹرک کیا۔

سنہ 1987 میں اردو لاء کالج، کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی جب کہ 1988 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے سیاسیات کیا۔ 

بعدازاں آپ نے پنجابی میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ 

آپ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم رہے۔ 1988 سے 1991 تک پاکستان ریلوے کی یونین پریم کے سیکرٹری جنرل رہے۔

2000 سے 2001 تک لاہور بار کے سینئر نائب صدر بھی رہے۔ 

2001 اور 2005 کے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں حصہ لیا اور لاہور کی یونین کونسل 74 کے ناظم منتخب ہوئے۔


یہ تفصیلات جیو الیکشن سیل کی مدد سے حاصل کی گئی ہیں۔


مزید خبریں :