14 ستمبر ، 2017
پشاور: پاکستان میں بلیو وہیل گیم کا پہلا مبینہ کیس سامنے آگیا جس میں پشاور کی بچی اس گیم مبینہ طور پر ملوث پائی گئی۔
ان دنوں دنیا بھر میں بلیو ویل گیم کا چرچا ہے جس میں ملنے والے مختلف ٹاسک کو پورا کرنے کی کوششوں میں اب تک متعدد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
پاکستان میں بھی پشاور میں اس گیم کی مبینہ شکار بچی سامنے آئی ہے جس کے والدین کا دعویٰ ہے کہ بچی بلیو وہیل گیم کھیلتی تھی۔
پشاورمیں بلیو وہیل گیم کھیلنے والی بچی کا خیبر ٹیچنگ اسپتال میں علاج کیا گیا۔ اسسٹنٹ رجسٹرار ڈاکٹر اعزاز کے مطابق بچی کو نفسیاتی وارڈ میں لایا گیا تھا اوراس میں ڈپریشن کی علامات پائی گئیں تاہم ضروری تھراپی اور علاج کے بعد بچی کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا-
ڈاکٹر اعزاز کے مطابق بچی نے اسکول میں کلاس فیلو سے گیم کے بارے میں سنا تھا اور وہ گیم کے آخری اسٹیج پر پہنچ چکی تھی جب کہ بچی کے رویئے میں تبدیلی کے باعث والدین اسے اسپتال لائے-
دوسری جانب بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں انجینئرنگ کے ایک طالب علم نے خودکشی کرلی۔ پولیس طالب کی ہلاکت کے بلیو وہیل گیم سے تعلق پر تحقیقات کررہی ہے۔