اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لندن ٹرین دھماکے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیدیا

لندن: مغربی لندن میں زیر زمین ٹرین دھماکے کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے دہشت گردانہ کارروائی قرار دے دیا۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق مغربی لندن میں زیر زمین پارسنز گرین ٹرین میں دھماکا ہوا  جس کے بعد ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ دھماکا ٹرین میں رکھے چھوٹے سفید رنگ کے کنٹینر کے پھٹنے سے ہوا تاہم میٹروپولیٹن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خیز ڈیوائس کے ذریعے ٹرین میں دھماکا کیا گیا۔

لندن ایمبولینس سروس کے مطابق دھماکے کے 18 زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم ان میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں۔

ٹرین دھماکے کے بعد مغربی لندن میں واقع سینٹ میری اسپتال ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام اسٹاف، ڈاکٹروں اور نرسوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

لندن میٹروپولیٹن پولیس نے ٹرین اسٹیشن اور قریبی علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے شہریوں کو پارسنز اسٹیشن جانے سے روک دیا جب کہ فورسز نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ جائے وقوعہ پر مزید دھماکا خیز مواد موجود ہوسکتا ہے۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق صبح 8 بج کر20 منٹ پر ٹرین میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تاہم دھماکا خیز ڈیوائس کے ذریعے ٹرین میں دھماکا کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے دھماکے کی تصدیق کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جب کہ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ پولیس اور ایمرجنسی سروس سے رابطے میں ہوں۔

برطانوی میڈیا  کے مطابق  دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 18 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں جب کہ کئی مسافروں کے چہرے بھی جھلس گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق لندن کے میٹرو اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے کئی لوگ زخمی بھی ہوئے۔