18 ستمبر ، 2017
سیہون میں شادی سے انکار پر گھر میں گھس پر بے دردی سے قتل کی گئی تانیہ خاصخیلی کے قتل کے مبینہ ملزم خان محمد خانوانی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تانیہ خاصخیلی کا مبینہ قاتل بلوچستان کے علاقے دریجی میں مقامی ایم این اے کے ماموں کے پاس روپوش تھا۔
سیہون کے گاؤں جھانگارا میں 7 ستمبر کی شام ملزم خان محمد خانوانی نے گھر میں گھس کر تانیہ کو قتل کردیا تھا۔
لڑکی کے والد غلام قادر کے مطابق ملزم نے بیٹی کارشتہ مانگا تھا اور انکار پر اس نے اہل خانہ کو زد و کوب کیا اور لڑکی کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی تاہم لڑکی نے مزاحمت کی تو ملزم نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس نے قتل کے اگلے ہی روز فعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا جس میں خان محمد خانوانی سمیت ایک نامعلوم ملزم کو نامزد کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی متاثرہ خاندان کے گھر کا دورہ کیا اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔