Time 22 ستمبر ، 2017
پاکستان

ہم نے اپنا موقف ہر جگہ بڑی وضاحت سے بیان کیا، شاہد خاقان

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ہماری یہاں 27 میٹنگز ہوئیں جن میں ہم نے پاکستان کا موقف ہر جگہ بڑی وضاحت سے بیان کیا جبکہ صدر ٹرمپ سے غیر رسمی بات چیت بھی ہوئی۔

نیویارک میں ملیحہ لودھی اور خواجہ آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ یہاں ہماری پاکستان میں انسداد پولیو کے لیے کام کرنے والے بل گیٹس سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ او آئی سی میں روہنگیا سے متعلق اجلاس میں شرکت کی اور ورلڈ بینک کے سی ای او سے بھی ملاقات ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا موقف آج وضاحت اور موثر انداز میں پیش کیا جس کو ہر جانب سے پذیرائی ملی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ نائب امریکی صدر پینس سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ افغان اپنے معاملات خود طے کریں اور ہم اس میں معاونت کریں۔

صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ کیبنٹ میں کوئی ردو بدل نہیں ہورہا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر ڈھائی سو سے تین سو صفحات پر مشتمل ڈوزیئر پیش کیا ہے۔ شاہد خاقان کے کہا کہ ہمیں کوئی شبہ نہیں کہ ہم نے حقیقت بیان کی کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے جس کا باقی فورسز نے سامنا نہیں کیا۔ آج دنیا میں کوئی ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ کررہا ہے تو وہ پاکستان ہے۔

مزید خبریں :