شریف خاندان کے وکیل کا انہیں احتساب عدالت میں پیش ہونے کا مشورہ

شریف خاندان کی قانونی ٹیم کے سربراہ خواجہ حارث نے انہیں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شریف فیملی نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونے کا اب تک فیصلہ نہ کرسکا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت نے 26 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے شریف فیملی سے لندن میں کئی مشاورتی اجلاس کئے جس کے دوران انہوں نے یہی مشورہ دیا کہ شریف فیملی کو احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔

خواجہ حارث لندن سے آج صبح لاہور واپس پہنچ چکے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف لندن جا کر اس معاملے پر سابق وزیراعظم نواز شریف سے مزید مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق لندن میں ہونے والی شریف فیملی کی ملاقات کے دوران حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونا ہے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق شریف فیملی کا ماننا ہے کہ ان کا شفاف ٹرائل نہیں کیا جارہا اور اسی وجہ سے انہوں نے احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونے کا اب تک فیصلہ نہیں کیا۔ 


مزید خبریں :